اہل سنت کا ایک تابندہ گلاب مرجھا گیا
آج قبل عشاء جوں ہی شیخ الاسلام ٹرسٹ گروپ کھولا تو یہ اندوہناک خبر ملی کہ مفکر اسلام حضرت علامہ ڈاکٹر شاہد رضا اشرفی نعیمی بھاگلپوری مقیم حال : برطانیہ صاحب رحلت کرگئے ۔ خبر پڑھتے ہی بتقاضہ محبت دل کو ٹھیس محسوس ہوئی مگر یقین نہ آیا تو تصدیق کے لیے ابنائے جامع اشرف گروپ میں مسیج کیا تو جامع اشرف کے ناظم تعلیمات پیکر اخلاص و محبت حضرت مفتی نذرالباری اشرفی جامعی نے تصدیق کردی کہ خبر سچ ہے
شاہد رضا اشرفی
شاہد رضا اشرفی کے تصدیق کرتے ہی پیروں تلے زمیں کھسک گئی اور جسم پر تھوڑی دیر کے لیے سکتہ طاری ہوگیا ، آنکھیں آبدیدہ ہوگئیں ، قلب وجگر مضمحل ہوگیا اور کپکپاتی زبان سے کلمہ ترجیع اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رٰجِعُوْن پڑھا ۔ اور ایسا کیوں نہ ہو کہ حضرت مرحوم موصوف علیہ الرحمہ سے پہلی بار حضور شیخ اعظم علیہ الرحمہ کے چہلم کے موقع پر ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا تب ہی سے حضرت کا فریفتہ و شیدا ہوں مگر شومی قسمت پھر اس کے بعد دوبارہ لقاء شرف کی سعادت نصیب نہ ہوئی ، اسی بار پہلی دفعہ جامع اشرف کے اسٹیج پر حضرت کی خطابت سماعت کرنے کا موقع میسر آیا تھا ، حضرت نے واقعی کیا ولولہ خیز ، رقت آمیز اور فکر انگیز خطاب فرمائی تھی ، حضرت نے چند ہی منٹوں میں گھنٹوں کی تقریر کردی تھی ، آپ کی تقیری کے دوران اسٹیج پر موجود سارے علماء مشایخ واہ واہ واہ نعرہ تکبیر نعرہ رسالت کی صدائے بلند کر رہے تھے ۔ فالحمد للہ علی ذالک
شاہد رضا اشرفی جامعہ نعیمیہ مرادآباد کے قابل فخر فرزندان میں سے ایک تھے ، بڑے پایہ کے عالم دین اور علم دوست شخصیت کے حامل تھے، سلسلہ اشرفیہ کے بہت ہی معتمد و محب تھے، شاہد رضا اشرفی حضور سرکارکلاں کچھوچھوی علیہ الرحمہ چہیتے خلیفہ ، حضور شیخ اعظم علیہ الرحمہ کے پسندیدہ اور حضور قائد ملت کے مشیر و خیر خواہ تھے، حضور صدرالافاضل کے نامور شاگرد عمدة المحققین حضور مفتی حبیب اللہ نعیمی اشرفی صاحب علیہ الرحمہ کے لائق و فائق فرزند تھے ۔اعلی درجے کے مؤثر مبلغ وخطیب اور بہترین مفکر و مدبر تھے منکسر المزاجی ، اعلی ظرفی کے حامل تھے ، نیک سیرت ، خوب صورت ، عمدہ اخلاق ، نفاست پسند ، صاحب تقوی و طہارت اور کئی عمدہ خوبیوں کے آپ جامع تھے آپ کے والد گرامی حضور مفتی حبیب اللہ اشرفی نعیمی کے فتاوی کا مجموعہ بنام “حبیب الفتاوی” آپ کا علمی یادگار کارنامہ ہے۔ یقینا شاہد رضا اشرفی کے جانے سے اہل سنت کے مبلغین اوف مفکرین کے بیچ بڑا عظیم خلا پیدا ہوا ہے ۔
دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت آپ کی ہر دینی وعلمی خدمات کو قبول فرماکر آپ کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے اور ہم اہل سنت کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے اور شاہد رضا اشرفی کے جملہ پسماندگان ، متعلقین و احباب و اقارب کو صبر جمیل اور اجر جزیل سے نوازے آمین۔
شریک غم
محمد ساحل پرویز اشرفی جامعی