بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس بار قطر میں عیدکے موقع پر عید ملن کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کافی دھوم دھام سے منایا گیا
مورخہ 11؍ذی الحجہ 1443ھ مطابق 10؍جولائی 2022ء بروز اتوار 4؍ بجے شام قطر کی راجدھانی دوحہ کےمنتزہ گارڈن میں فخرملت فاؤنڈیشن نیپال کی طرف سے عید قرباں کی مناسبت سے عید ملن پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام و عوام اہل سنت بشمول اراکین و ممبران نے شرکت فرماکر اس پروگرام کو کامیاب سے کام تر بنایا۔
شہزادہ و جانشین حضور فخرنیپال حضرت مولانا محمد فضل یزدانی امجدی صاحب قبلہ کی سرپرستی اورحضرت مولانا محمد صابر ازہر مصباحی صاحب قبلہ (رکن مجلس شوری) کی صدارت میں پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ سب سے پہلے حضرت مولانا محمد اسماعیل رضوی صاحب قبلہ نے اپنے اچھوتے انداز میں قرآن مجید کی تلاوت فرمائی، بعدہ تضمین کے ساتھ کلام الامام امام الکلام کے چند اشعارمولانا محمد شاہ نواز احمد (معاون ناظم نشر واشاعت)نے شائستہ انداز میں پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا، نعت مقدس نہایت پسندیدگی سے سنی گئی اور اسے حسن قبول حاصل ہوا
قطر میں عید کے پروگرام میں خوب صورت خطاب
۔اس کے بعدصدر فاؤنڈیشن حضرت مولانا محمد عابد حسین قادری نے جامع و مانع خطبہ استقبالیہ پیش کیا ، انھوں نے شرکائے پروگرام کا سرزمین قطر میں عید کے پر بہار موقع پر میں شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ الحمدللہ ! آپ حضرات کی شرکت نے یہ ثابت کردیا کہ ہم سب بیدار ہیں خدمت دین اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہم سب ایک ہیں اور جب کبھی آواز دی جائے گی تو اسی طرح حاضر ہوجائیں گے، ان شاء اللہ اگر اسی طرح آپ حضرات اپنی بیداری کا ثبوت دیتے رہیں تو بہت جلد ہم اپنے اغراض و مقاصد کی تکمیل میں کامیاب نظر آئیں گے، نیز انھوں نے حاضرین کو ایک اہم پیغام دیتے ہوئے فرمایا کہ سرزمین قطر میں عید ملن پروگرام کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس پروگرام کا مقصد صرف یہی نہیں کہ ہم ایک دوسرے کےگلےلگیں اور مل جل کر خوشیاں منائیں بلکہ جہاں ہم خوشیاں منائیں وہیں ہم اپنے ارگرد بھی دکھیں کہ کہیں ہمارا کوئی بھائی ایسا تو نہیں جنھیں کچھ میسر نہیں آیا، کہیں ایسا تو نہیں کہ ہمارا کوئی بھائی اس عید کے موقع پر بھی بھوکا سو رہا ہے۔ اس دور کا ایک بہت بڑا المیہ ہے کہ ہر کوئی اپنے میں مست اور مگن ہیں جب کہ ان کی بستی، ان کے محلے میں کئی ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جنھیں قربانی کا گوشت تو دور کی بات ہے ایک شربت کا گلاس یا سوئیں کا ایک پیالہ بھی نصیب نہیں ہوتا کہ وہ اپنے بیوی اور بچوں کو اپنی طرف سے پیش کرسکیں۔ آپ غور فرمائیں! ان کے لیے یہ کتنا کٹھن مرحلہ ہوتا ہوگا جب کہ ہم سب کے بچے نئے نئے لباس زیب تن کر کے، ہاتھوں میں پیسے لیے گلیوں اور محلوں میں خوشیاں مناتے گھوم رہے ہوتے ہیں وہیں کوئی غریب کا بھی بچا رہتا ہے ان کے دل کس قدر اداس ہوتا ہوگا اور ان کے والدین کے دل پر اپنے بچوں کے اس مرجھائے چہرے دیکھ کر کیا گذرتا ہوگا۔ ویسے ہم سب اس کو جانتے ہیں بس محسوس کرنےاور عمل کرنے کی ضرورت ہے۔لہذا ہم سب ایسے موقع پر کوشش فرمائیں کہ اپنے اردگرد اگر کوئی ایسا ہے تو انھیں کچھ مالی مدد کردیں تاکہ وہ بھی اپنے گھروں میں خوشیاں نچھاور کرسکیں۔ یہ سرزمین قطر میں عید کے موقع کا اہم پیغام ہے
خطبہ استقبالیہ کے بعد فاؤنڈیشن کے سکریٹری حضرت مولانا محمد امن رضوی صاحب قبلہ نےتنظیم و تحریک کی اہمیت و ضرورت اوراجتماعیت کے ساتھ کام کرنے کے فوائد اور اس کے لائحہ عمل پر قدرے تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ جس طرح ایک ملک یا خاندان و قبیلہ کا نظام اجتماعی قوت کے ساتھ ہی مضبوط و مستحکم رہ سکتا اور ترقی و عروج پاسکتاہے اسی طرح کوئی بھی فاؤنڈیشن،ادراہ، تنظیم اور تحریک بغیر اجتماعی قوت کے اپنی منزل نہیں پاسکتا۔ لہذا! ضرورت ہے کہ ہم سب اسی طرح مل جل کر کام کو آگے بڑھاتے رہیں اور مزید لوگوں کو اس مشن سے جوڑنے کی کوشش کرتے رہیں، ان شاءاللہ اینٹ سے اینٹ مل کر عمارت تعمیر ہوگی۔ اور ہر سال سرزمین قطر میں عید کے کے موقع پر ایسا ہی منایا جائےگا
بعد ہ شہزادہ وجانشین حضور فخرنیپال حضرت مولانا محمد فضل یزدانی امجدی نے تمام شرکائے مجلس کا شکریہ فرمایا اور بڑے ہی درد بھرے انداز میں فرمایاکہ سامعین کرام ! فخرملت فاؤنڈیشن گذشتہ کئی سالوں سے اب تک اپنے کاموں میں مصروف ہے ،اور اس کے مخلص اراکین کی کوششیں آپ کے سامنے ہیں ،اس کوشش میں ہم نے کتنی کامیابی حاصل کی ہے؟اس کا فیصلہ آپ پرہے، اگر واقعی ہم نے قابل قدر کامیابی حاصل کی ہے تو ہماری حوصلہ افزائی فرمائیں اور اگر ناتجربہ کاری کی وجہ سے اس میں کچھ خامیاں ہوں تو ان کی ضرور نشاندہی فرمائیں تاکہ ہم آئندہ اس کی اصلاح کرسکیں۔ مزید آپ نے جملہ اراکین فاؤنڈیشن کو نصیحت کرتے ہوئےفرمایا کہ ہم سب اپنی ذمہ داری اسی طرح اخلاص کے ساتھ انجام دیتے رہیں اس کے بدلے میں فاؤنڈیشن یا اس کے اراکین تو سوائے حوصلہ افرائی کے چند کلمات کے کچھ نہیں دے سکتے ہیں ہاں وہ رب قدیر جن کی رضا و خوشنودی کے لیے آپ کام کررہے ہیں وہ ضرور اس کا بہترین بدلہ عطافرمائے گا۔ اور قطر میں عید منانے کو اللہ قبول فرمائے
اخیر میں تشریف لائے ہوئے علما و دانشوران نے اپنے اپنےخیالات و تاثرات اور چند مفید مشوروں سے نوازا ،جوکہ قوم و ملت کی تعمیر و ترقی، لوگوں کے اصلاح اعمال و عقائد اور معاشرے کی فلاح و بہبود سے متعلق ہے۔ ان شاء اللہ بہت جلد ان منصوبوں پر عمل درآمد کرکے قوم و ملت کے سامنے پیش کیاجائےگا۔ اور قطر میں عید کو عید سعید بنانے کی کوشش کی جائےگی
پروگرام میں شریک ہونے والے علما
اس موقع پرخصوصیت کے ساتھ شریک ہونے والے چند حضرات کے اسمائے گرامی یہ ہیں۔
حضرت مولانا محمد اشرف رضا فخری (نائب سکریٹری)،
حضرت مولانا محمد نصیب اختر امجدی (ناظم نشر و اشاعت)،
حضرت مولانا محمد شفیق رضا ثقافی(رکن مجلس شوری)،
حضرت مولانا محمد ہدایت اللہ رضوی فخری (نگراں) ،
مولانا محمد انور قادری(نگراں)،
مولانا محمد احمد حسین شمسی (رکن انتظامیہ کمیٹی)،
مولانا محمد مختار احمد (رکن مجلس شوری)،
حافظ محمد اختر رضا امجدی (خازن)،
حاجی لعل محمد عطاری،
عالیجناب محمد صابر حسین (رکن مجلس شوری)،
حافظ محمد فداء المصطفیٰ ( رکن انتظامیہ کمیٹی)،
عالیجناب محمد زبیر عالم ( رکن انتظامیہ کمیٹی)،
عالیجناب محمد عالم (رکن مجلس شوری)،
عالیجناب محمد شہاب الدین،
عالیجناب محمد ثناء المصطفیٰ،
عالیجناب محمد دل شیر،
عالیجناب محمد خورشید،
عالیجناب محی الدین عرف رضا،
عالیجناب محمد عطاء الرحمٰن۔
صدرمجلس حضرت مولانا محمد صابر ازہر مصباحی صاحب قبلہ کی مختصر دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا ،شرکاء و حاضرین اپنے اپنے قیام گاہ پر مکمل پُر عزم ہوکر تشریف لے گئے ۔
من جانب:۔ ناظمین نشر واشاعت
المشتھر:۔ شعبہ نشر و اشاعت فخرملت فاؤنڈیشن نیپال
زیراہتمام:۔ مرکزی کمیٹی فخرملت فاؤنڈیشن نیپال، دوحہ قطر بموقع سرزمین قطر میں عید