اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے برطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت برطانیہ کے انٹرنیشنل ایجوکیشن چیمپئن سراسٹیو سمتھ کر رہے تھے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے. ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو، اس حوالے سے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا تھا.اسی قسم کے اقدامات وفاق میں بھی اٹھائیں گے. تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے. پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آرہی ہے۔شہبازشریف نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں. پاکستان اور برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے مابین ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہئے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے مدد گار ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان برطانیہ کے تعلیمی شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے. یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی اور برطانوی جامعات ریسیپروکل بنیادوں پر ڈگری پروگرامز شروع کر چکی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور اس کا معیار بہتر بنانے کیلئے برطانیہ کے تعلیمی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں. جدید تعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے. برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے پاکستان کا دائرہ کار مزیدبڑھا رہا ہے۔وفد نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اشتراک اور تعاون کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
جواب دیں