اطلاعات ہیں کہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے جلد ہی اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن متعارف کرائے جائے گی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایکس اور اس کے ماہرین یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن تیار کرنے میں مصروف ہیں اور اس سے متعلق ایلون مسک نے بھی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک اور ایکس کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مختلف نشریاتی اداروں کے ساتھ بات کے دوران تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ یوٹیوب کے مقابلے کی ایپلی کیشن متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایکس کی جانب سے ابتدائی طور پر مذکورہ ایپلی کیشن کو اسمارٹ ٹیلی ویژن کا حصہ بنایا جائے گا، جس کے بعد اسے موبائل اور کمپیوٹر ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر مذکورہ ایپلی کیشن کو اسمارٹ ٹیلی ویژن کے لیے متعارف کرائے جانے کا مقصد صارفین کی جانب سے ایکس پر اپلوڈ کی جانے والی طویل ویڈیوز کو ٹی وی اسکرین پر دیکھنے کے لیے آپشن فراہم کرنا ہے۔
مذکورہ ایپلی کیشن کو ایکس یعنی ٹوئٹر سے منسلک کردیا جائے گا اور وہاں پر اپ لوڈ کی جانے والی تمام بڑی ویڈیوز کو ایپ کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر دیکھا جا سکے گا۔
رپورٹ میں عندیہ دیا گیا کہ مستقبل میں مذکورہ ایپلی کیشن کو یوٹیوب کی طرح مواد تخلیق کاروں کے لیے بھی پیش کیا جائے گا اور وہاں پر بھی یوٹیوب کی طرح مونیٹائزیشن ہو سکے گی لیکن اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ایکس کی جانب سے کب تک یوٹیوب کے ٹکر کی ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی اور اس کا نام کیا ہوگا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک پیش کردیا جائے گا۔
جواب دیں