پی ایس ایل 2024: افتخار سلطانز کا حصہ بن گئے، روسو کی گلیڈی ایٹرز میں واپسی

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2023
افتخار احمد اب ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے — فوٹوز: اے ایف پی/ٹوئٹر
افتخار احمد اب ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے — فوٹوز: اے ایف پی/ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے ساتھ کھلاڑیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے افتخار احمد کی جگہ رائلی روسو کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

لیگ کے اگلے ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل سلطانز نے گلیڈی ایٹرز کے ساتھ کھلاڑیوں کی ٹریڈ کی ہے جس کی بدولت سلطانز نے نہ صرف افتخار احمد کو اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پلاٹینم اور سلور کیٹیگری کی پہلی پِک بھی حاصل کرلی ہے۔

2010 میں کیریئر کے آغاز سے اب تک افتخار 229 ٹی20 میچوں میں 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 4 ہزار 476 رنز بنا چکے ہیں اور 49 کھلاڑیوں کو بھی اپنی آف اسپن باؤلنگ نشانہ بنا چکے ہیں۔

 

 

افتخار احمد نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ میں ملتان سلطانز کی فرنچائز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں، ملتان کے لوگوں کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے کیونکہ کھیل کے لیے ان کا جوش و خروش لاثانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اور گزشتہ تین سیزن کے دوران ان کا ریکارڈ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب میرا مقصد اپنی ٹیم کو پی ایس ایل کی ٹرافی جتوانا ہے۔

 

 

ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے افتخار کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایک چیمپیئن ٹیم بننے کے لیے ہمیں جو صلاحیتیں درکار تھیں، افتخار اپنے ہمراہ وہ لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے افتخار کی صرف میدان میں صلاحیت کی وجہ سے انہیں فرنچائز کا حصہ نہیں بنایا بلکہ ان کی موجودگی ڈریسنگ روم کے ماحول کو بھی پرجوش رکھتی ہے۔

دوسری جانب رائلی روسو کی واپسی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو تقویت بخشے گی جو گزشتہ کئی سیزنز سے مڈل آرڈر میں مسلسل مشکلات سے دوچار ہیں۔

روسو اس سے قبل بھی 2016 سے 2019 تک چار سیزنز میں گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور 2019 میں لیگ جیتنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے رکن بھی تھے۔


Posted

in

,

by

Comments

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے