’پاکستان۔۔۔ ایریکا رابن اپنے ملک اور دنیا بھر میں خواتین کے لیے مساوی مواقع اور بہتر تعلیم تک رسائی کے حقوق کی حامی ہیں۔ 25 سالہ ایریکا میوزک اور سفر سے دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ ایل سلواڈور میں یہاں کی ثقافت، کھانوں اور فطرت سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔‘
ستائش سے بھرپور ان الفاظ اور تالیوں کی گونج میں پاکستانی ماڈل اور فیشن آئیکن سمجھے جانے والی ایریکا رابن مس یونیورس کے سٹیج پر بھرپور اعتماد کے ساتھ پُروقار انداز میں چل رہی تھیں۔
مس یونیورس کے مقابلے کی دوڑ میں اس سال کل 90 حسینائیں حصہ لے رہی ہیں۔ مس یونیورس کے مقابلے کے مختلف سیگمنٹ کے بعد اب اس کا فائنل ایل سلواڈور میں 18 نومبر کی شام کو منعقد ہو گا تاہم وقت کے فرق کے باعث پاکستانی ناظرین اس کو 19 نومبر کی صبح دیکھ سکیں گے۔
اس سے پہلے مقابلے کے دوران مس یونیورس کے ’فل ایوننگ گاؤں سیگمینٹ‘ میں ایریکا رابن نے سفید اور سلور رنگ کا گاؤن پہن رکھا تھا اور سر کو نیٹ کے جھلماتے دوپٹے سے ڈھکا ہوا تھا۔
ایل سلواڈور میں جاری مس یونیورس کے مقابلوں میں موجود ایریکا رابن ’مِس یونیورس‘ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔
اس سیگمنٹ میں ایریکا کے لباس کو ’نمبر ون‘ کا نام دیا گیا جسے ایریکا نے اپنی پہچان بھی قرار دیا ہے۔ انسٹا گرام اکاونٹ پر انھوں نے اس لباس کی وضاحت میں لکھا ہے کہ ’نمبر ون میری زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ میں اپنے پیارے ملک پاکستان کی ایک فیصد اقلیت سے تعلق رکھتی ہوں جو ہمارے پرچم میں سفید رنگ کی علامت ہے۔‘
ایریکا کے مطابق ’میں پہلی مس یونیورس پاکستان بنی ہوں اور یہاں کھڑا ہونا اور اپنی کمیونٹی کی آواز بننا میرے لیے باعث فخر اور اعزاز ہے۔‘
اپنی کمیونٹی کی آواز بننا باعث فخر اور اعزاز
میسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی ایریکا رابن مس یونیورس کے مقابلے میں حصہ لینے اور مس یونیورس پاکستان کا خطاب حاصل کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔ اس حوالے سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر انھوں نے لکھا ہے۔
’جب میں چھوٹی تھی تو میں ہمیشہ مس یونیورس کے مقابلوں کو دیکھ کر سوچتی تھی کہ پاکستان کی کوئی خاتون اپنی نوعیت کے شاندار اولمپکس میں شامل کیوں نہیں ہو سکتی لیکن مجھے اس بات کا بھی دل سے یقین ہے کہ کچھ بھی ناممکن نہیں۔‘
’اب مس یونیورس پاکستان کا خطاب حاصل کرنے اور اپنے پلیٹ فارم کو اچھی اور مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کرنے پر مجھے پکا یقین ہو گیا ہے کہ خواب سچ بھی ہوتے ہیں۔‘
ایریکا رابن امریکہ میں جاری مس یونیورس 2023 کے مقابلے کے مختلف مراحل میں پاکستان کی ثقافت کو بھرپور اجاگر کر رہی ہیں۔